اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو کا ملک سے کرپشن کے خاتمے میں اہم کردار ہے ، بدعنوان عناصر کی حوصلہ شکنی کے لیے بلاامتیاز احتساب وقت کی ضرورت ہے ۔انہوں نے یہ بات پیر کو چیئرمین نیب جسٹس ( ر) جاوید اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ چیئرمین نیب نے صدر مملکت کو اپنے ادارے کی سالانہ رپورٹ برائے 2018 پیش کی۔ صدر مملکت نے کہاکہ کرپشن پر انہیں ہمیشہ تشویش رہی ہے کیونکہ اس لعنت نے ملک کی معیشت اور اداروں کو تباہ کیا ہے ۔حکومت کا مشن پاکستان کو بدعنوانی سے پاک کرنا ہے ۔ صدر نے نیب کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ نیب ایک آزاد ادارہ ہے اور اس کی کارکردگی سے پاکستانی عوام کے اس پراعتماد کو مزید تقویت ملے گی۔ ایچ ای سی کے زیراہتمام پاک افغان ثقافتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا پاکستان افغانستان میں امن اور خوشحالی چاہتا ہے اور افغانستان کی تعمیر نو میں مکمل معاونت کرتا رہے گا، ہمیں اپنے مشترکہ دشمنوں کیخلاف اکٹھے ہوکر لڑنا ہے ۔اس موقع پر صدر مملکت نے علامہ اقبال سکالرشپ پروگرام کے لوگو کا بھی اجراکیا جس کے تحت 3 ہزار انڈرگریجوایٹ افغان طلبہ کو پاکستانی جامعات میں تعلیم دی جائے گی۔تقریب میں پاکستان کی جامعات میں زیرتعلیم ایک ہزار افغان طلبہ نے شرکت کی۔ صدر مملکت کو ایوان صدر، پارلیمنٹ اور کیبنٹ بلاک کے احاطے میں شجرکاری کے متعلق بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین سینٹ اور سپیکر قومی اسمبلی نے بھی شرکت کی۔