جنیوا :  امریکی ریاست الاسکامیں دو طیاروں کے فضاءمیں ٹکرانے کی وجہ سے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ ایک شخص تاحال لاپتہ ہے ۔ برطانوی اخبار مرر کے مطابق کیچیکن کے قریب گزشتہ رات ہونیوالے حادثے میں 10افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔رپورٹس کے مطابق دونوں طیاروں میںکیلیفورنیا کی معروف کمپنی پرنسز کروزز کی ملکیت رائل پرنسز شپ کے سیاح سوار تھے جب وہ الاسکا کے ساحل پر ٹکراگئے ۔ کمپنی کی طرف سے جاری بیان میں بتایاگیا ہے کہ ’ دورے سے واپس آرہے تھے جب حادثہ ہوا، رائل پرنسز کے دس مہمان اور ایک پائلٹ سوار تھا دوسرے طیارے میں رائل پرنسز کے چارمہمان سوار تھے جو ایک الگ پرواز پر تھا، ہمیں اس صورتحال میں دکھ ہے اور ہماری دعائیں اور نیک خواہشات طیاروں میں سوار افراد اور ان کی فیملیز کیلئے ہیں‘۔امریکی کوسٹ گارڈ اور لوکل سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کے مطابق تکیان ایئرکے طیارے میں موجود نو افراد کو ریسکیو کیاگیااور طبی امداد دی جارہی ہے تاہم ایک شخص کی حالت خطرے میں ہے ۔رپورٹ کے مطابق پانچ ہلاکتوں کی تصدیق ہوگئی ہے جن میں چار مسافر اور ایک پائلٹ شامل ہے ۔ بتایاگیا ہے کہ ’ڈی ایچ سی 2بیور‘ اور’ ڈی ہویلینڈ اٹر ‘پر مجموعی طورپر 16افراد سوار تھے جو فضاءمیں ہی آپس میں ٹکراگئے ۔ تکیان ایئرکے ترجمان نے کہا ہے کہ فضائی آپریشن معطل کردیاگیا ہے اور حادثے کی تحقیقات شروع کردیں۔،