لاہور: شہرمیں تین حادثات میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ،3 زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق اقبال ٹاؤن کے علاقے گلشن پارک کے قریب ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 70 سالہ شخص جاں بحق ہو گیا جس کی شناخت غلام علی کے نام سے ہوئی ۔متوفی گوجرانوالہ کا رہائشی ہے اور لاہور میں رشتے داروں سے ملنے آیا ہوا تھا ۔پولیس نے لاش قبضے میں لے کر مردہ خانے منتقل کر دی ہے ۔ ادھر گلبرگ کے علاقے لبرٹی کے علاقے کلمہ چوک کے قریب تیز رفتار مزدا کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 30 سالہ خاتون روبینہ جاں بحق ہو گئی جبکہ مزدا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ۔ متوفیہ چار بچوں کی ماں تھی۔دریں اثنا رائیونڈ سٹی کے علاقے میں تیز رفتار مسافروں سے بھری ویگن رکشے سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں رکشہ الٹ گیا اور اس میں سوار 30 سالہ رضیہ،18 سالہ سفیان اور 16 سالہ طیب زخمی ہو گئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اسکا علاج جاری ہے ۔ گلشن پارک کے قریب ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے گوجرانوالہ کا رہائشی دم توڑ گیا کلمہ چوک حادثہ میں خاتون ہلاک ، رائیونڈ میں ویگن رکشہ سے جا ٹکرا ئی