اسلام آباد : وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے وزیراعظم عمران خان روایتی سیاستدانوں کی طرح قلیل مدتی پالیسیوں کی بجائے ایک حقیقی لیڈر کی حیثیت سے ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں طویل مدتی پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں جن میں اداروں میں اصلاحات، معیشت کا استحکام اور معاشرے کے کمزور طبقات کی بہبود کو اولین ترجیحی حاصل ہے ،اپوزیشن محاذ آرائی کی سیاست کی بجائے اہم قومی امور پر حکومت کے ساتھ ملکر کام کرے ،8ماہ کی حکومت سے 70سالوں کا حساب نہیں لیا جاسکتا ،وزیراعظم عمران خان کو قومی مفاد زیادہ عزیز ہے ،ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤپر سائنسدان بن کر تبصرہ کرنے والوں نے ہی حقیقت میں عوام کا خون چوس کر ملک کو 21ہزار ارب کے قرض لیکر ملکی معیشت کو لہولہان کیا ،صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو انصاف صحت کارڈ اور نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم میں شراکت دار بنایا جائے گا۔وہ جمعہ کو قومی خبر رساں ادارے (اے پی پی ) کے دورہ کے موقع پر خطاب کر رہیں تھیں۔انہوں نے کہا اداروں کو سیاست سے پاک کرنا ایک بڑا چیلنج ہے ،اداروں میں بیٹھے افراد میرٹ کی بجائے سفارش پر آتے ہیں تو وہ ادارے کا وقار ،تشخص اور کردار مجروح کرتے ہیں۔