لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ سابق ادوار کی غلط پالیسیوں سے خزانے کو نقصان پہنچاجس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑا۔کرپشن کرنے والوں کامستقبل تاریک ہوچکا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخ رشید سے ملاقات کے موقع پر کیا۔اس موقع پر فلاح عامہ کے منصوبوں اورسیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے ،میرٹ اورانصاف کے مطابق حکومتی امور سرانجام دے رہے ہیں ۔ہمارا عوام سے تعلق ہے اورعوام کے مینڈیٹ پر آنچ نہیں آنے دینگے ،خدمت کاسفرمیں کسی کو حائل نہیں ہونے دیا جائیگا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ خلیفہ چہارم حضرت علیؓ کے یوم شہادت پر صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔ عوام کی جان و مال کے تحفظ او رپرامن فضا کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے ۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس رہیں،طے شدہ سکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔