نوٹنگھم: پاکستان کیخلاف کامیابی کے بعد ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر نے دعویٰ کیا کہ ان کی ٹیم ہمہ وقت کھیل میں موجود رہی جس کا کریڈٹ تمام کھلاڑیوں کو جاتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اچھا آغاز ملا جب باؤلرز نئی بال سے وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے اور پھر بیٹنگ کے دوران بھی بہتر کارکردگی پیش کی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ آندرے رسل کھیل پر اثر انداز ہونے والے پلیئر ہیں جنہوں نے اپنی اہمیت ثابت کردی اور اوشین تھامس نے بھی ان کی عمدگی سے پشت پناہی کی لہٰذا کہا جا سکتا ہے کہ آندرے رسل کا ٹیم میں ہونا بہترین بات ہے جو ہر بار سو فیصد کارکردگی پیش کرتے ہیں۔جیسن ہولڈر کا کہنا تھا کہ وہ ایونٹ کا آغاز فتح کے ساتھ کرنا چاہتے تھے اور خوشی کی بات یہ ہے کہ انہیں اس مقصد میں کامیابی بھی مل گئی۔