لاہور: صوبائی وزیر جیل خانہ جات زوار حسین وڑائچ نے کہاہے کہ پنجاب کی جیلوں میں اس وقت 33ہزار 500 قیدیوں کی گنجائش ہے اور گنجائش سے زائد قیدیوں کا تناسب 46 فیصد ہے ۔ ڈسٹرکٹ جیل لودھراں اورہائی سکیورٹی جیل میانوالی کا تعمیراتی کام 90فیصد مکمل ہوگیا ہے اور آئندہ مالی سال کے بجٹ کے بعد یہ جیلیں آپریشنل ہوجائیں گی۔ جس کے بعد گنجائش سے زائد قیدیوں کا تناسب 33فیصد رہ جائے گا جبکہ سمندری، پنڈی بھٹیاں اور گوجرہ میں بھی سب جیلیں زیرتعمیر ہیں۔صوبائی وزیر نے مزیدکہاکہ آئندہ 2 سے 3سال کے دوران چنیوٹ، لاہور، ننکانہ صاحب، راولپنڈی، خوشاب اور چکوال میں 6نئی ڈسٹرکٹ جیلیں بنیں گی۔