کارڈف: کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو باآسانی 10 وکٹوں سے شکست دیدی۔تفصیلات کے مطابق کارڈف میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو باآسانی 10 وکٹوں سے شکست دیدی، نیوزی لینڈ نے سری لنکا کا 137 رنز کا ہدف 16.1 اوورز میں پورا کرلیا۔ سری لنکا کے 137 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے کیا، دونوں اوپنرز نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور بغیر کسی نقصان کے سری لنکا کا ہدف پورا کرلیا، مارٹن گپٹل نے 73 اور کولن منرو نے 58 رنز بنائے ۔اس سے قبل نیوزی لینڈ نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور کیوی باؤلرزنے صرف 136 رنز پر ہی آئی لینڈرز کی پوری ٹیم کو پویلین واپس بھیج دیا۔سری لنکا کی جانب سے اننگزکا آغاز تھریمانے اور کرونارتنے نے کیا تاہم صرف 4 رنز بنانے کے بعد تھریمانے آؤٹ ہوگئے ، کوسال پریرا 29 رنز بناکر پولین لوٹ گئے ۔ سری لنکا کے 8 کھلاڑی ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے جب کہ 3 کھلاڑی بغیر کوئی کھاتہ کھولے واپس پویلین لوٹ گئے ۔سری لنکا کی جانب سے صرف کرونارتنے نے ناقابل شکست 52 رنز کی اننگز کھیلی اور بیٹ کیر ی کرنے کا اعزازحاصل کیا جبکہ تھسارا پریرا نے 27 رنز بنائے جس کی بدولت سری لنکا کی پوری ٹیم صرف 29.2 اوورز میں 136 رنز ہی بناسکی۔نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری کو شاندارباؤلنگ پر مردمیدان قراردیاگیا انہوں نے 3وکٹیں لیں ،لوگی فرگوسن نے بھی 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔