صنعا: یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے شہر ابہا کے ایئر پورٹ کو ڈرونز سے نشانہ بنایا۔ باغیوں کے ترجمان نے کہا کہ ڈرونز نے اس ہوائی اڈے کے کنٹرول ٹاور پر حملہ کیا۔ اس حملے کی تصدیق فی الحال سعودی عرب کی جانب سے نہیں کی گئی ۔ادھر یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لئے قائم عرب اتحاد نے حوثیوں کا ایک ڈرون طیارہ مار گرانے کا دعوی ٰ کیا ہے ۔عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایاکہ ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے صنعا سے ایک بمبار ڈرون سعودی عرب کے سرحدی علاقے خمیس مشیط پر بمباری کے لیے چھوڑا تاہم اسے تباہ کردیا گیا ۔کرنل المالکی نے کہا کہ حوثی ملیشیا شہریوں پر حملوں کی دہشت گردانہ سازشیں جاری رکھے ہوئے ہے ۔ حوثی دہشت گرد ذرائع ابلاغ کے ساتھ ساتھ دیگر آلات حرب بھی شہری آبادی پر حملوں کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ ڈرون حملے جیسے واقعات دہشت گردی اور غیر ذمہ دارانہ ہیں جن پر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جانی چاہیے ۔دوسری طرف یمن میں حوثی ملیشیا کی طرف سے ملک میں لوٹ مار کا سلسلہ جاری ہے گزشتہ سات ماہ کے دوران حوثی ملیشیا نے اپنے مخالفین کی 37 کمپنیوں کا سرمایہ غصب کر کے انہیں تقریبا پچاس ارب یمنی ریال سے محروم کر دیا ۔