کابل: پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے درمیان سہہ ملکی مذاکرات ہوئے جس میں افغانستان میں امن کے لیے سیاسی معاونت کی ضرورت پر زور دیا گیا اور دہشت گردی کیخلاف تعاون کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔کابل میں پاک چین افغانستان سہ فریقی مذاکرات ہوئے جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، چینی وزیر خارجہ وانگ ژی اور افغانستان کے وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے شرکت کی۔ تینوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سیاسی معاونت کو بروئے کار لا کر افغانستان میں قیام امن کی راہ ہموار کی جائے۔مذاکرات میں افغانستان کی ترقی کے لئے پاکستان اور چین کی جانب سے مختلف شعبوں میں تکنیکی معاونت کی فراہمی سے متعلق امور زیر بحث آئے۔ تینوں وزرائے خارجہ نے سہہ فریقی مذاکرات کے اختتام پر دہشت گردی کے خاتمے میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے۔