ایڈیلیڈ :  بھارت نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 298 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے شان مارش نے انتہائی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 123 گیندوں پر 11 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 131 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔دیگر بلے بازوں میں ایلکس کیری نے 18، ایرون فنچ نے 6، عثمان خواجہ نے 21، پیٹر ہینڈزکومب نے 20، مارکوس سٹوئنس نے 29 اور گلین میکس ویل نے 48، جھئے رچرڈسن نے 2، نتھن لیون نے 12، جیسن بیرونڈوف نے 1 سکور بنایا جبکہ پیٹر سڈل بغیر کوئی سکور بنائے آﺅٹ ہو گئے۔بھارت کی جانب سے بھوینشور کمار سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 45 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور محمد شامی نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ رویندرا جدیجہ نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔بھارتی کرکٹ ٹیم نے ہدف آخری اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے۔ کپتان ویرات کوہلی نے 112 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 104 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں روہت شرما نے 43، شیکھر دھون نے 32، امباتی رائیڈو نے 24، مہندرا سنگھ دھونی نے 55 اور دنیش کارتھک نے 25 رنز بنائے۔آسٹریلیا کی جانب سے کوئی بھی باﺅلر خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا اور جیسن بیرونڈوف، جھئے رچرڈسن، مارکوس سٹوئنس اور گلین میکس ویل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔