کراچی: آئی جی سندھ پولیس  ڈاکٹرسید کلیم امام نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت اور انہیں درپیش مسائل مشکلات یا شکایات کا ازالہ کرنا پولیس کے بنیادی فرائض میں لازم وملزوم کی حیثیت رکھتا ہے ،عوامی شکایات پر بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جائے ۔آئی جی سندھ  پولیس کی زیرصدارت اجلاس میں (عوامی شکایات ازالہ میکنزم) کے تحت سندھ بھر میں قائم دفاتر کے جملہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مزید رہنما ہدایات دی گئیں۔اجلاس میں سینٹرل پولیس آفس کے تمام سینئرافسران کے علاوہ تمام اضلاع میں قائم عوامی شکایات سیلز کے انچارچز اور سٹاف نے بھی شرکت کی۔آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام  نے کہا کہ ایک پولیس آفیسر کو یہ اختیار قانون دیتا ہے کہ وہ خود کو تفویض کردہ اختیارات کو بطریق احسن انجام دیتے ہوئے عوام کی خدمت اور انکے حقوق کا تحفظ کرے ۔انہوں کہا کہ اللہ پاک نے آپ لوگوں کو خدمت خلق جیسے منصب پر فائز کرکے دنیا اور آخرت دونوں کو سنوارنے کا موقع دیا ہے لہٰذا تمام پولیس افسران  آزاد حیثیت اوربغیرکسی دباؤ کے عوامی شکایات کا ازالہ کریں اور بالخصوص پولیس کیخلاف عوام کی شکایات پر بروقت اقدامات کو ہر سطح پر یقینی بناکر ایک ایسا تاثر قائم کریں جو کہ ناصرف محکمہ پولیس کی نیک نامی بلکہ عوام کا پولیس پر اعتماد کے فروغ کا بھی باعث بنے ۔