کراچی:  نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود کا کہنا ہے بھارتی آبدوز کا بروقت سراغ لگانا پاک بحریہ کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جارحیت نہیں چاہتے، دشمن نے پہل کی تو بھر پور جواب دینگے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود نے ساحلی تنصیبات اور اگلے مورچوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔ نیول چیف نے موجودہ صورت حال میں افسران اور جوانوں کو ہمہ وقت انتہائی مستعد اور چوکس رہنے کی ہدایت کی۔ نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود کا کہنا تھا بھارتی آبدوز کا بروقت سراغ لگانا پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، ہم امن پسند ملک ہیں مگر دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی انتہائی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہم جارحیت نہیں چاہتے مگر اگر دشمن نے پہل کی تو بھر پور جواب دیں گے، ہمارا غیر متزلزل ایمان ، ہمت اور وطن کی حفاظت کا جذبہ ہماری صلاحیتوں کو استحکام عطا کرتا ہے۔