اسلام آباد:  دفتر خارجہ نے کرائسٹ چرچ میں دہشت گرد حملے کے بعد لاپتہ پاکستانیوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں جس کے مطابق واقعے کے بعد 9 پاکستانی لاپتہ ہیں۔ ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرفیصل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کرائسٹ چرچ کی 2 مساجد میں دہشتگردی کے دوران 9 پاکستانی لاپتہ ہوئے۔ ان میں ذیشان رضا اوران کے والد و والدہ، ہارون محمود ،سہیل شاہد، سید اریب احمد، سید جہانداد علی، نعیم راشد اورطلحہ نعیم شامل ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ میں ہمارا سفارتی مشن مزید تفصیلات لے رہا ہے۔ دوسری جانب مقامی میڈیا نے دفتر خارجہ کی جانب سے لاپتہ قراردیئے گئے 9 پاکستانیوں میں سے نعیم راشد اورطلحہ نعیم کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔ نعیم راشد حملہ آورسے مزاحمت کرتے ہوئے زخمی ہوئے تھے اور بعد میں انہوں نے اسپتال میں دم توڑ دیا تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روزکرائسٹ چرچ کی دو مساجد پرفائرنگ کرکے 49 معصوم مسلمانوں کو شہید کرنے کے واقعے کے دوران پاکستانی شہری نعیم راشد نے بھی  اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے دوسروں کی جان بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کردی تھی۔